اسلام آباد / کراچی ( رانا غلام قادر / نیوز ڈیسک) وفاقی حکومت نے پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم ) پر پابندی لگادی ہے اور اس کانوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے پی ٹی ایم کی سرگرمیاں ملک کی سلامتی اور امن کیلئے خطرہ کا باعث قرار دیدی گئیں۔
ادھر ہیومن رائٹس کمیشن پاکستان (ایچ آر سی پی ) نے کہا ہے کہ حکومتی فیصلہ قابل مذمت ہے ، پی ٹی ایم پر پابندی کو نوٹیفکیشن فوری طور پر واپس لیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی کا بینہ( وفاقی حکومت ) نے پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) پر پابندی لگانے کی منظوری دیدی ہے۔
کابینہ کی منظوری کے بعد وزارت داخلہ نے پی ٹی ایم پر پابندی کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے جس پر جلد عمل درآمد کیا جائے گا۔
وزارت داخلہ کے نوٹیفیکیشن میں کہاگیا ہے کہ پشتون تحفظ موومنٹ کی سر گرمیاںملک کی سلامتی اور امن کیلئے خطرہ کا باعث ہیں لہٰذا وفاقی حکومت انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997کی دفعہ 11بی کے تحت حاصل اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے پی ٹی ایم کو ممنوعہ تنظیم کے طور پر فرسٹ شیڈول میں شامل کرنے کی منظوری دیتی ہے۔