وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور نے رات عمر ایوب کے گھر پر گزاری، پہلے ہی دن کہہ دیا تھا یہ بندہ 2 نمبر کام کر رہا ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کے دوران خواجہ آصف نے کہا کہ ڈی چوک تک بہت تھوڑی تعداد میں لوگ پہنچے تھے، لوگ جلوس کی شکل میں ڈی چوک نہیں پہنچے۔
انہوں نے کہا کہ ڈی چوک پہنچنے والے اسلام آباد پی ٹی آئی کے لوگ تھے، علی امین نے سمجھا کہ میں نے مولاجٹ کا کردار ادا کرلیا ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ جلوس میں اسلام آباد میں رہنے والے لوگ تھے، ڈی چوک تک جو لوگ پہنچے ان کی تعداد تھوڑی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور سے متعلق کہا گیا انکا پتا نہیں لگ رہا، سوشل میڈیا پر ان کے اپنے ورکرز ان کو گالیاں دے رہے ہیں۔
خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ علی امین کے پی سرحد سے ہری پور میں داخل ہوئے،انہوں نے رات عمر ایوب کے گھر پر گزاری۔