• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا، ایران مذاکرات، پاکستان مدعو، خطے میں کشیدگی کو کم اور ممکنہ فوجی تصادم کو روکنے کیلئے استنبول میں جمعہ کو بات چیت ہوگی

اسلام آباد /دو حہ/تہران(ایجنسیاں/نیوز ڈیسک )پاکستان کے دفتر خارجہ نے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات میں پاکستان کو شرکت کی دعوت ملنے کی تصدیق کردی۔ترجمان دفتر خارجہ طاہرحسین اندرابی نے بتایا کہ پاکستان کو امریکا ایران مذاکرات میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔سفارتی ذرائع کے مطابق نائب وزیر اعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار مذاکرات میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق خطے میں کشیدگی کو کم اور ممکنہ فوجی تصادم کو روکنے کیلئے امریکا ایران مذاکرات جمعہ کو استنبول میں ہو نگے ۔ بات چیت میں سعودی عرب‘ قطر‘ مصر‘ عمان اور متحدہ عرب امارات کو بھی مدعو کیا گیاہ ے‘ ایرانی اور امریکی حکام نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایاکہ تہران اور واشنگٹن جمعہ کو ترکی میں ایران کے جوہری پروگرام پر تبادلہ خیال کریں گے‘صورتحال سے واقف ایک ذریعے کے مطابق ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر، امریکی خصوصی ایلچی اسٹیو وِٹکوف اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے ہمراہ ان مذاکرات میں شرکت کریں گے۔ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست بات چیت جاری ہے تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ کسی معاہدے تک نہ پہنچنے کی صورت میں برے نتائج نکل سکتے ہیں‘دوسری جانب ایران کے صدرمسعودپزشکیان کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے وزیرخارجہ کو ہدایت دی ہے کہ دھمکیوںاور غیر معقول مطالبات سے پاک ماحول میں منصفانہ اور برابری کی بنیاد پر مذاکرات کیے جائیں۔ایرانی سفارتی ذرائع نے بتایا کہ استنبول مذاکرات سے متعلق ایران نہ تو پرامید ہے اور نہ ہی مایوس ہے ‘بات چیت سے معلوم ہوگا کہ امریکا سنجیدہ اور نتیجہ خیز مذاکرات چاہتا ہے یا نہیں۔ادھر قطر نے بھی تصدیق کی ہے کہ امریکا ایران کشیدگی میں کمی کیلئے علاقائی کوششیں جاری ہیںاور خطے میں اعلیٰ ترین سطح پر رابطے ہو رہے ہیں‘علاوہ ازیں ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان منگل کو ریاض پہنچ گئے ہیں ‘یہ دو سال سے زائد عرصے میں ان کا پہلا دورہ ہے۔ذرائع نے بتایا کہ پاکستان اورترکیہ نے شدید کشیدگی کے باوجود سفارتی کوششوں کے ذریعے ایران کو امریکا سے بات چیت کے لیے راضی کیا۔

اہم خبریں سے مزید