پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی وائرس سے متاثرہ ایک اور مریض زندگی کی بازی ہار گیا۔
محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے پنجاب بھر میں ڈینگی کے اعداد و شمار جاری کر دیے۔
محکمۂ صحت پنجاب کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں پنجاب بھر میں ڈینگی کے 161 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ ایک اور مریض چل بسا۔
رواں سال اب تک 2 ہزار 724 ڈینگی کے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ ڈینگی سیزن میں 8 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی میں 147 اور لاہور میں 5 افراد ڈینگی وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔
اٹک اور بہاولپور میں دو دو، گوجرانوالہ، میانوالی، جہلم، ملتان، رحیم یار خان اور وہاڑی میں ایک ایک ڈینگی کا کیس رپورٹ ہوا۔
ادھر راولپنڈی کے اسپتالوں میں زیرِ علاج ڈینگی مریضوں کی مجموعی تعداد 280 ہوگئی جبکہ رواں سیزن میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 2143 تک پہنچ گئی ہے۔
راولپنڈی میں ڈینگی کے 92 مریض بینظیر بھٹو اسپتال، 95 مریض ہولی فیملی اسپتال، 50 مریض ڈی ایچ کیو اسپتال، 43 مریض فوجی فاؤنڈیشن اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔
اس کے علاوہ ڈینگی کے 74 مریض پوٹھوہار ٹاؤن، 26 مریض میونسپل کارپوریشنز، راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ میں 25 مریض، پوٹھوہار رولر میں 7 مریض، چکلالہ کینٹ میں 2 مریض، کلر سیداں میں 3 مریض، گوجر خان میں 1 مریض، کوٹلی ستیاں میں 2 مریض، ٹیکسلا اور نواحی علاقوں میں 6 مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔