وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے اپنی صاحبزادی کو سرویکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسین لگوا دی۔
کراچی میں سرویکل کینسر سے بچاؤ کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب میں مصطفیٰ کمال نے اپنی صاحبزادی کو ویکسین لگوائی۔
بعدازاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاکستان دنیا کا 151 واں ملک ہے جہاں سرویکل کینسر سے بچاؤ کی مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اس مہم کے آغاز سے ہی گمراہ کن پروپیگنڈا سامنے آرہا ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے میں نے اپنی بیٹی کو یہ ویکسین لگوانے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ اپنے 30 سالہ سیاسی کیریئر میں کبھی میں اپنی فیملی کو منظرِ عام پر نہیں لایا لیکن آج قوم کی ہر بیٹی کی جان کو محفوظ بنانے کے لیے میں نے اپنی بیٹی کو یہ ویکسین لگوانے کا فیصلہ کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ میں چاہتا ہوں پاکستان میں کوئی بھی بچی اس مرض سے جان کی بازی نہ ہارے، یہ میری اکلوتی بیٹی ہے، جس طرح مجھے یہ عزیز ہے ویسے ہی قوم کی بیٹیاں عزیز ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ شاید اس عمل سے کسی کا ذہن اس ویکسین کے حوالے سے تبدیل ہو، یہ کام ہم کسی گمنام جگہ پر خاموشی سے بھی کرسکتے تھے، میں نے یہ عمل صرف اللّٰہ کی رضا کے لیے کیا ہے، نہیں چاہتا کہ اس ویکسین کے آجانے کے بعد کسی بیٹی کی اس مرض سے جان جائے۔
وفاقی وزیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ ملک میں منفی ذہن رکھنے والے بھی اللّٰہ کرے راہ راست پر آجائیں، اگر اس ویکسین میں کوئی خرابی ہوتی تو میں اپنی بیٹی کو نہ لگواتا۔