• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حقیقی پاکستان کو دنیا میں متعارف کرایا جائے، فردوس عاشق اعوان

مانچسٹر (نمائندہ جنگ) پاکستان کی معروف سیاسی شخصیت ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان برطانیہ کے دورے پر مانچسٹر پہنچ گئیں، مانچسٹر کی معروف سماجی شخصیت بیرسٹر شعیب تاج نے انکے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا جس میں ممبرآف پارلیمنٹ افضل خان، ڈاکٹر شفقت بخاری، ڈاکٹر اجمل سمیت کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات شریک ہوئیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق نے اس موقع پر روزنامہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ڈور محفوظ ہاتھوں میں ہے پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ پاکستان کے تشخص کو بیرونی دنیا میں بہتر بنانے کیلئے بہت سارا کام کرنے اور حقیقی امیج کوپروموٹ کر نے کی ضرورت ہے۔ اوورسیز پاکستانی ملک کے حقیقی سفیر ہیں ۔ہمیں زیادہ سے زیادہ کوشش کرنی چاہیے کہ حقیقی پاکستان کو دنیا میں متعارف کرایا جائے ۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو مختلف چیلنجز درپیش ہیں جن میں معاشی چیلنج سرفہرست ہے۔ اگر اگلے سال تک موجودہ حکومت نے مہنگائی اور بے روزگاری پر قابو پا لیا تو ممکن ہے حکومت اپنی مدت پوری کر پائے گی۔ جہاں تک عمران خان کا تعلق ہے تو انہو ں نے اپنے پاؤں کلہاڑی پر مارے ہیں وہ ہر وہ چیز لکھ کر باہر بھیج رہا ہے جو قومی مفاد کے خلاف ہے ۔ پاکستان کے اندر رہ کر پاکستان کو آگے بڑھتے دیکھنا ہر پاکستانی کا حق ہے اگر وہ اس کو ذاتی مفادات کے ساتھ جوڑ لیا جائے تو یہ خود غرضی ہے۔ ہمیں ریاست کے متعلق سوچنا ہے، میرا عمران خان کو مشورہ ہے کہ ریاست ہے تو سیاست ہے۔ تقریب کے اختتام پر بیرسٹر شعیب تاج نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
یورپ سے سے مزید