کوئٹہ(خ ن)معروف کمپنیوں کے جعلی مصالحہ جات کی سپلائی کے خلاف بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے کریک ڈاؤن کے دوران علمدار روڈ میں دو ہول سیل ٹریڈرز سے جعلی و ناقص مصالحہ کی بڑی مقدار پکڑی گئی ۔ ترجمان بی ایف اے کے مطابق خفیہ اطلاع پر کی گئی کارروائی کے دوران مذکورہ ٹریڈرز سے برآمد شدہ جعلی مصالحہ جات کے 800 سے زائد پیکٹ ضبط کر لئے گئے۔معروف کمپنیوں کے جعلی مصالحہ کی فروخت اور قوانین کی خلاف ورزی پر دونوں ٹریڈرز کو فوری طور پر سربمہر کر دیا گیا۔علاوہ ازیں اتھارٹی کی آپریشن ٹیموں نے مسجد روڈ میں ایک مصالحہ شاپ جبکہ اسپنی روڈ میں واقع دو ڈیپارٹمنٹل اسٹور سے مضر صحت ایکسپائرڈ مصالحے اور تیاری میں استعمال کئے جانے والے مختلف اجزا قبضے میں لے کر دکانداروں پر جرمانے عائد کر دئیے۔ ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے عتیق اللہ کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ جعلی و ناقص مصالحہ جات کا کاروبار کرنے والے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے ریڈار پر ہیں ،اشیاء خوردونوش کے کاروبار میں جعلسازی اور قوانین کے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف اتھارٹی کی بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی ۔