وٹفورڈ (نمائندہ جنگ) سیاسی وسماجی شخصیت حاجی محمد منیر نے کشمیری رہنما سابق میئر لوٹن ریاض بٹ ودیگر کے اعزاز میں استقبالیہ دیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ممتاز کشمیری رہنما سابق میئر لوٹن ریاض بٹ نے وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف ،وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے اپیل کی ہے کہ اسلام آباد میں ہونے والی شنگھائی تعاون تنظیم کے زیر اہتمام کانفرنس میں مسئلہ کشمیر کو اٹھایا جائے جس طرح پاکستان نے اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے ممبر ممالک مسئلہ کشمیر کے پائیدار اور پر امن حل کیلئے بھارت پر دبائو ڈالیں کہ وہ پاکستان سے مذاکرات کا آغاز کرے۔ ریاض بٹ نے کہا کشمیر ی امن پسند قوم ہے، وہ مسئلہ کشمیر کا پر امن حل چاہتے ہیں ۔ ریاض بٹ نے کہا بھارت اگر چین کے ساتھ لداخ کے مسئلے بات کر سکتا ہے تو اسے چاہئے مسئلہ کشمیر کیلئے پاکستان اور کشمیر ی قیادت کے ساتھ مذاکرات کا آغاز کرے۔ ریاض بٹ نے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر شنگھائی کانفرنس میں حاضری لگانے کیلئے نہ آئیں بلکہ پاک، بھارت تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے مثبت سوچ لے کر آئیں۔ ریاض بٹ نے کہا مقبوضہ کشمیر میں انتخابات حق خودارادیت کا نعمل البدل نہیں،جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہو جاتا خطے میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے تمام کشمیر ی جماعتوں سے شکوہ کیا کہ ان جماعتوں کے پاس مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کوئی ایجنڈا نہیں ہے اور نہ یہ جماعتیں آپس میں متحد ہیں۔تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ریاست بھٹی نے کہا یہ بڑا المیہ ہے کہ بھارت ایک طرف مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد انتخابات کرا رہا ہے اور دوسری طرف کشمیریوں کو دہشت گرد قرار دے رہا ہے، یہ بھارت کی بہت بڑی دہشت گرد ی ہے، اس نےکشمیر میں لاکھوں فوج تعینات کر رکھی ہے، اس پر عالمی برادری اور اقوام متحدہ نوٹس لے۔ مسلم لیگی رہنما راجہ اسحاق خان نے کہا 24 اکتوبر 1949 کو کشمیر میں جنگ بندی لائن قائم کرنے کا مقصد کشمیر ی عوام کو حق خودارادیت دینا تھا مگر کشمیر ی عوام کو بھارت کی ہٹ دھرمی کے باعث حق خودارادیت نہ مل سکا، راجہ اسحاق خان نے کہا اگر بھارت کشمیر ی عوام کو حق خودارادیت دینے سے انکار کر رہا ہے تو بھارت کے منفی اقدامات سے جنگ بندی لائن غیرقانونی و غیر موثر ہو جاتی ہے، پاکستان جنگ بندی لائن کو پارلیمنٹ میں زیر بحث لائے ۔ اس پر اقوام متحدہ اور یو این سیکورٹی کونسل کے ممبر کآ اجلاس بلا ئے کے لیے پاکستان گورنمنٹ اقدامات کرے۔ بھارت پاکستان کے اندر جو دہشت گردی کرا رہا ہے عالمی برادری اس کانوٹس لے ،اسرائیل لبنان میں نہتے عوام پر بمباری بند کر ے ، خطے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے فریقین فوری جنگ بندی کریں۔ مییز بان حاجی محمد منیر نے دعوت استقبالیہ میں شرکت پر مہمانوں کاشکریہ ادا کیا۔