کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر کوئٹہ سعد بن اسد نے کہا ہے کہ بلوچستان میں کمپیوٹرائزڈ اسلحہ لائسنس کے پہلے فیز کے بعد دوسرے فیز کا آغاز کیا جارہا ہے ،اسلحہ لائسنس کے لیے 5 سالہ اسمارٹ کارڈ بنایا جائے گافیس جمع ہونے کے بعد کمپیوٹرائزڈ اسلحہ لائسنس کا عمل شروع کیا جائے گا،یہ بات انہوں نے جمعرات کو ڈائریکٹر جنرل نادرا بلوچستان محمد کاشف اقبال، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد انور کاکڑ کے ہمراہ ڈی سی آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ سعد بن اسد نے کہاکہ پرانے لائسنس کی منسوخی کیلئے دو ماہ کا وقت دیا گیا ہے، پرانے لائسنس رکھنے والے افراد دو ماہ کے اندر اپنا کمپیوٹرائزڈ اسلحہ لائسنس حاصل کر سکتے ہیں کمپیوٹرائزڈ اسلحہ لائسنس کا آغاز کوئٹہ سے کیا گیا ہے اسے بعد میں بلوچستان بھر میں شروع کیا جائیگا، انہوں نے کہاکہ مینول لائسنس اب نہیں بنائے جائیں گے پرانے کارڈ جمع ہونے کے بعد وہ لائسنس منسوخ ہو جائیں گے انہوں نے کہاکہ کمپیوٹرائزڈ اسلحہ لائسنس کے حوالے سے ایپ بھی متعارف کروایا جائیگااور بغیر لائسنس کے اسلحہ رکھنے والوں کیخلاف کاروائی کی جائیگی، ڈی جی نادرا محمد کاشف اقبال نے کہا کہ کمپیوٹرائزڈ اسلحہ لائسنس کے لئے نادرا مکمل تعاون کر رہا ہے نادرا شہریوں کی رہنمائی کرے گا،پرانے لائسنس کو تبدیل کر کے نئے کارڈز کا اجرا کیا جا رہا ہے ہماری کوشش ہے کہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت دیں۔