• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلجیم میں میونسپل کمیٹیز کے انتخابات کل ہوں گے، آٹھ پاکستان نژاد امیدوار شامل

برسلز (حافظ اُنیب راشد) بلجیم میں میونسپل کمیٹیز کے انتخابات کل 13اکتوبر بروز اتوار منعقد ہوں گے۔ ان انتخابات میں تمام سیاسی جماعتوں کیلئے دارالحکومت برسلز سب سے بڑا انتخابی میدان ہے۔ جہاں اس کی 19 میونسپل کمیٹیز (جنہیں مقامی فرنچ زبان میں کمیون کہا جاتا ہے) ان میں مجموعی طور پر 650 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ ان 650 امیدواروں میں پاکستانی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے 8امیدوار بھی شامل ہیں جو مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے اپنے انتخاب کیلئے کوشش کر رہے ہیں۔ پاکستانی کمیونٹی کے جو افراد ان انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں ان میں آندرلیخت کمیون سے سوشلسٹ پارٹی کی جانب سے سابق کونسلر محمد عامر نعیم، حکومتی جماعت ایم آر اور اس کے الائنس کی جانب سے محمد راحیل شہزاد، فواد اہادیر کے گروپ سے علی حسنین اور نوجوان خاتون امیدوار ارش خان، مولن بیک کمیون سے سوشلسٹ پارٹی کی جانب سے علی حیدر، اور ایم آر الائنس سے رانا ارباب، 1000 کمیون سے سوشلسٹ پارٹی کے سابق کونسلر ناصر چوہدری جب کہ سینٹ جییل کمیون سے سوشلسٹ پارٹی ہی کی جانب سے ظہیر زاہد شامل ہیں۔ دارالحکومت برسلز کی اہم بات یہ بھی ہے کہ اس میں 50فیصد کے قریب دوسرے ممالک کے شہری رہائش پذیر ہیں۔ ان انتخابات میں رجسٹر ہونے کے بعد اس کا ہر رہائشی چاہے وہ کسی دوسرے یورپین ملک کا شہری ہو یا اسے قانونی طور پر برسلز میں رہتے ہوئے 5سال ہوگئے ہوں وہ ووٹ ڈالنے کا حق دار ہے۔ اس کے علاوہ لیون کے علاقے سے پرویز بیگ اور کئی دیگر شہروں سے بھی پاکستانی امیدواروں کے الیکشن میں حصہ لینے کی اطلاعات ہیں۔

یورپ سے سے مزید