• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کونسلر عابد چوہان برطانیہ میں قزاقستان کے اعزازی قونصل جنرل مقرر، پاکستانی، کشمیری کمیونٹی کی مبارکباد

مانچسٹر (ہارون مرزا) جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے ایگزیکٹو ممبر کونسلر عابد چوہان کو حکومت قزاقستان کی جانب سے برطانیہ میں قزاقستان کا اعزازی قونصل مقرر کردیا گیا۔پاکستانی وکشمیری کمیونٹی میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ برطانیہ میں مقیم پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کیلئے یہ بہت بڑا اعزازہے۔ راجہ نجابت حسین نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کونسلر عابد چوہان کو مبارک باد دی اور کہا کہ برطانیہ اور قزاقستان کے درمیان سفارتی رابطے مذید مضبوط ہوں گے، مسئلہ کشمیر کو پوری دنیا میں اُجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔ کونسلر عابد چوہان کو قزاقستان کا اعزازی قونصل جنرل مقرر کئے جانے پر برطانیہ کے شہر مانچسٹر کی تاریخی سینٹرل لائبریری میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی برطانیہ میں تعینات قزاقستان کے سفیر مغزہان الیاسوو تھے۔ اس تقریب میں مختلف ممالک کے سفیروں، سیاسی و سماجی رہنماؤں، کمیونٹی لیڈروں و دیگر نے خصوصی طور پر شرکت کی۔تقریب میں راجہ نجابت حسین بانی چیئرمین جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل، کونسلر یاسمین ڈار، سابق لارڈ میئر مانچسٹر و چیئر پرسن انٹرنیشنل لابی آن کشمیر، کونسلر نائلہ شریف چیئر پرسن JKSDMI برطانیہ، پروفیسر تیمور شفیق، سیفی اونر سین قونصل جنرل ترکی، ڈاکٹر لاسزلو رسکو ناگی، قونصل جنرل ہنگری، نکولیٹا ٹیوڈو روویسی قونصل جنرل رومانیہ، عالیہ اوسپانووا چیئر ویمن اینڈ پریزیڈنٹ جے سی آر سینٹر برائے انٹرنیشنل پروگرامز، ڈاکٹر عبداللہ بن صالح النعیم سی ای او ایمار ڈیویلپمنٹ برطانیہ، افضل خان ممبر برطانوی پارلیمنٹ، اینڈریو گوئن ممبر برطانوی پارلیمنٹ ومنسٹر برائے پبلک ہیلتھ برطانیہ، یاسمین قریشی ممبر برطانوی پارلیمنٹ، کونسلر الیسن گوئن، ڈاکٹر لیاقت ملک، ڈاکٹر یونس پرواز، بیرسٹر امجد ملک چیئر مین اوورسیز کمیشن پنجاب، میئر آف راچڈل کونسلر شکیل احمد، لارڈ میئر آف مانچسٹر کونسلر پاوول اینڈریوز، سابق میئر بری کونسلر شاہینہ ہارون، سابق لارڈ میئر مانچسٹر کونسلر نعیم الحسن، سابق ڈپٹی لیڈر مانچسٹر کونسلر لطف الرحمٰن و دیگر شامل ہیں۔ جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے لئے کونسلر عابد چوہان کا قزاقستان کا اعزازی قونصل مقرر ہونا مسلسل سفارتی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل نے جہاں مسئلہ کشمیر کیلئے دنیا بھر اور خصوصا برطانیہ بھر میں کامیاب سفارت کاری جاری رکھی ہوئی وہیں اپنی ٹیم کے اراکین کو برطانوی پارلیمنٹ کا ممبر بنانے، یورپین پارلیمنٹ کا ممبر بنانے اور برطانیہ کی موجودہ پارلیمنٹ میں ایک سو سے زائد ممبران برطانوی پارلیمنٹ کو کامیاب حکمت عملی، کوششوں، کاوشوں، ممبران پارلیمنٹ کے حلقوں میں کمیونٹی کے ساتھ گراس روٹ رابطوں، لابی ورک، سماجی نیٹ ورکنگ کے زریعے منتخب کروانا یہ وہ اقدامات ہیں جو کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ہیں اور برطانیہ بھر کی کمیونٹی، کونسلرز، میئرز، لارڈ میئرز، ممبران برطانوی پارلیمنٹ اس کام کے معترف ہیں اور تاحال ہمارا سفارتی سفر جاری و ساری ہے۔ کونسلر عابد چوہان کا قزاقستان کا اعزازی قونصل جنرل برائے برطانیہ منتخب ہونا انتہائی خوشی کا باعث ہے۔ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر موثر انداز میں اُجاگر کرنے میں کونسلر عابد چوہان نے ہمیشہ ہماری تحریک کے ایگزیکٹو ممبر ہونے کی حیثیت سے اہم کردار ادا کیا ہے اور اتنے بڑے عہدے پر فائز ہونے کے بعد مسئلہ کشمیر کو پوری دنیا میں اُجاگر کرنے میں مدد ملے گی اور ہر بین الاقوامی سفارتی فورم پر کونسلر عابد چوہان کشمیریوں کی مضبوط آواز ثابت ہوں گے۔ اس موقع پر راجہ نجابت حسین نے کونسلر عابد چوہان کو مبارک باد پیش کی اور حکومت قزاقستان کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے کونسلر عابد چوہان پر اعتماد کا اظہار کیا اور ان کی صلاحیتوں کو دیکھتے ہوئے انہیں اس اہم عہدے سے نوازا۔ راجہ نجابت حسین نے کہا کہ کونسلر عابد چوہان جہاں برطانیہ اور قزاقستان کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں کردار ادا کریں گے وہیں وہ مسئلہ کشمیر کو بین الا قوامی سفارتی محاذوں پر موثر انداز میں اُٹھائیں گے اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے بین الا قوامی سفارتی دروازوں پر دستک دیتے رہیں گے۔ راجہ نجابت حسین نے اپنی جانب سے اور اپنی ٹیم کی جانب سے کونسلر عابد چوہان کو اپنے بھرپور تعاون اور سپورٹ کی یقین دہانی کروائی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔