• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشتونوں سمیت چھوٹے صوبوں کے عوام کو حقوق دیے جائیں، یونائیٹڈ پشتون سوسائٹی

لوٹن (شہزاد علی) یونائیٹڈ پشتون یونائیٹڈ سوسائٹی کے برطانیہ میں چیئرمین خان عبداللہ خان نے کہا ہے کہ پشاور میں وزیر اعلیٰ ہاوس کے پی کے میں منعقدہ گرینڈ جرگے کا وہ خیرمقدم کرتے ہیں۔گرینڈجرگے میں سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے اعلیٰ عہدیداروں کی شرکت حوصلہ افزا اور بہتری کی جانب پیش رفت ہے امید ہے کہ پشتونوں اور دیگر چھوٹے صوبوں کے ساتھ جو زیادتیاں ہو رہی ہیں اب ان کے ازالہ میں مدد ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی جانب سے پاکستان پریس کلب یوکے کے ممبران و عہدیداروں اور دیگر کے اعزاز میں میں دیے گئے عشائیہ کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پشتونوں اور چھوٹے صوبوں کے عوام کو ان کے حقوق نہیں دیئے جاتے ملک کے اندر انارکی اور دوسرے مسائل بڑھ رہے ہیں اور ہمارے ارباب اقتدار کو اس کا ادارک نہیں کہ وہ کیا کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے بنیادی حقوق سلب کر رکھے ہیں جب تک عوام کے بنیادی حقوق نہیں دئے جائیں گے عوام سڑکوں پر آتے رہیں گے۔سابق صدر پاکستان پریس کلب برطانیہ شیراز خان نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی کشمیری ڈائسپورہ کا ملک کی تعمیر و ترقی اور استحکام پاکستان میں میں بڑا کردار ہے لیکن ملک میں سیاسی، جمہوری آئینی اور معاشی عدم استحکام کی وجہ سے یہ کردار محدود بنا دیا گیا ہے۔انہوں نے حکمرانوں کو باخبر کیا کہ آج جو حکومت میں ہیں کل وہ بھی اپوزیشن میں ہوں گے اس لیے اپوزیشن کے ساتھ زیادتیوں کا کلچر ختم کیا جائے اور ملک کے معاملات کو درست راستے پر چلایا جائے انہوں نے کہا کہ میڈیا کے کردار کو موثر بنانے میں اوورسیز پاکستانی کردار ادا کریں۔ سابق مئیر ریاض بٹ نے کہا سیاستدان اپنے کام میں ناکام ہوچکے ہیں جس کی وجہ دوسرے اداروں کو ان کا کام سنبھالنا پڑا ہے تمام پارٹیاں اپنی جماعتوں میں جمہوریت لائیں اس کے بعد وہ جمہوریت یا اقتدار کی بات کریں۔ دیگر شرکاء میں مسلم کانفرنس کے ممتاز بٹ اور صحافی سید کامران عابد بخاری، سید صفدر بخاری، اسرار راجہ، راجہ اسرار احمد خان، عتیق الرحمان چوہدری ، فہیم عظیم راجہ، احتشام الحق قریشی شامل تھے جبکہ آخر میں صحافی ودود مشتاق اور امداد حسین شہزاد کی رحلت پر دعائے مغفرت بھی کی گئی۔