برسلز (حافظ اُنیب راشد) بلجیم میں 13اکتوبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں تین پاکستان نژاد امیدوار بھی کامیاب ہوگئے ہیں۔ دو امیدواروں کا تعلق سوشلسٹ پارٹی سے ہے جب کہ ایک امیدوار سیاسی منظر پر نئے ابھرنے والے فواد اہادیر گروپ سے متعلق ہیں۔ منتخب ہونے والوں میں 1000کمیون برسلز سے محمد ناصر ، مولن بیک کمیون سے سید علی حیدر اور آندرلیخت کمیون سے علی حسنین شامل ہیں۔ ان انتخابات میں مجموعی طورپر 8پاکستان نژاد امیدواروں نے حصہ لیا تھا لیکن دیگر منتخب نہیں ہو سکے۔ ویسے تو زیادہ امیدواروں کا انتخابات میں حصہ لینا جمہوری عمل کا حسن سمجھا جاتا ہے لیکن خیال کیا جاتا ہے کہ اگر باہمی چپقلش سے بچ کر کوشش کی جاتی تو مزید امیدوار بھی منتخب ہو سکتے تھے۔ علاوہ ازیں بلجیم کے دیگر شہروں سے بھی چند پاکستانی امیدواروں کی کامیابی کی اطلاعات ہیں۔