اولڈہم (پ ر) پاسبان صحابہ برطانیہ کے چیئرمین محمد توحیدی نے کہا ہے کہ مکہ اور مدینہ مسلمانوں کیلئےمرکز توحید و رسالت ہیں ،جہاں سے نور ہدایت کی کرنیں چار دانگ عالم میں پھیلتی ہیں اور تا قیامت تک دنیا کے بت کدوں میں یہاں کی صدائیں گونجتی رہیں گی۔ وہ عمرہ کے سفر سے واپسی پر اپنی اقامت گاہ اولڈہم میں ملاقات کرنے والوں سے گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے کہا میری یہ بہت خوش قسمتی ہے کہ اللہ تعالی نے مجھے اپنے گھر میں اور اپنے پیارے حبیبﷺ کے روضہ پر حاضری کی توفیق بخشی، حرم مکی میں بندے پر توحیدی الٰہی کا والہانہ غلبہ ہوتا ہے اور اسی والہانہ جذبے سے کعبہ کے گرد پروانوں کی طرح چکر کاٹتے ہوئے ان الفاظ میں اعلان توحید کیا جاتا ہے’’ حاضر ہوں اے اللہ میں حاضر ہوں، تیرا کوئی شریک نہیں، میں حاضر ہوں‘‘،اس وقت ذکر یزدانی اور توحید ربانی کا قلوب پر جو اثر ہوتا ہے وہ ایک مسلمان ہی جان سکتا ہے۔ تاہم یہ بات بہت قابل افسوس ہے کہ شرف و عظمت والی جگہ پر بھی کہ جہاں تزکیہ نفس کے لیے جایا جاتا ہے لوگ نفس پروری اور دکھاوے سے باز نہیں آتے اور سیلفیاں بناتے جاتے ہیں ،اسی کے ساتھ کچھ متشدد افراد حرمین میں مذہبی منافرت پھیلانے سے بھی باز نہیں آتے۔ وہ نہیں جانتے کہ روضہ رسولﷺ کے سامنے آوازوں کو بلند کرنا حبط اعمال کا سبب ہے۔