کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے بجلی کے بل میں میونسپل ٹیکس کی وصولی کے خلاف درخواست پر فریقین سے جواب طلب کرلیا۔ جسٹس ارشاد علی شاہ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو بجلی کے بلوں میں میونسپل ٹیکس کی وصولی کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ جماعت اسلامی کے اپوزیشن لیڈر سیف الدین نے درخواست کی فوری سماعت کی استدعا کردی۔ عدالت نے درخواست کی فوری سماعت کی استدعا منظور کرتے ہوئے فریقین سے 3 ہفتوں میں جواب طلب کرلیا۔ عدالت نے میئر کراچی سے بلدیہ عظمیٰ کے تحت قائم اسپتالوں اور اسکولوں کی فہرست طلب کر رکھی ہے۔ عدالت نے اسپتالوں اور اسکولوں کی موجودہ صورتحال اور عملے اور طلبا کی تعداد سے متعلق رپورٹ طلب کی تھی۔ سیف الدین نے کہا کہ مئیر کراچی نے اپوزیشن سے عدالتی حکم کے باوجود مشاورتی عمل کو بائی پاس کرتے ہوئے معاہدہ کیا ہے۔ مئیر کراچی نے اپوزیشن جماعتوں جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی سے کوئی مشاورت نہیں کی ہے۔لہذا عدالت عالیہ سے استدعا ہے کہ مئیر کراچی اور کے الیکٹرک کے درمیان ہونے والے معاہدے کو کالعدم قرار دیا جائے۔