• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’وژن 2047‘ مہم؛ گولڈ ڈریگن جنگ گروپ اور بلسی ڈی ڈی بی کے نام

کراچی (نیوز ڈیسک) ایشیا میں پاکستانی پرچم سربلند ہوگیا جیسا کہ بلسی ڈی ڈی بی نے ملائیشیا کے شہر کوالالمپور میں باوقار ڈریگن آف ایشیا 2024 ایوارڈ تقریب میں جنگ گروپ کی ’’وژن 2047‘‘ مہم کیلئے گولڈ ڈریگن ایوارڈ جیت لیا۔ ڈریگن آف ایشیا ایوارڈ پورے ایشیا میں سب سے شاندار مارکیٹنگ مہمات کو تسلیم کرتا ہے اور گولڈ ڈریگن کی یہ جیت میڈیا کے بہترین استعمال کے زمرے میں انتہائی مسابقتی ہے۔ جنگ گروپ کا ’’وژن 2047 ‘‘ ایک پرجوش منصوبہ تھا جس نے پاکستانیوں کو دعوت دی کہ وہ قوم کے مستقبل کے لیے اپنی امیدیں اور وژن شیئر کریں جیساکہ یہ 2047 میں اپنے 100 ویں یوم آزادی کی جانب دیکھ رہا ہے۔ یہ مہم ملک کے مستقبل کا وژن بنانے کی ایک کوشش تھی، جو اس کے عوام کی امنگوں، امیدوں اور خواہشات کی صحیح معنوں میں عکاسی کرتی ہے۔ ایک منفرد، انٹرایکٹو عمل کے ذریعے، زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے واٹس ایپ ، ای میلز اور خطوط کے ذریعے خیالات کا اظہار کیا۔ اس پروجیکٹ نے ان ان پٹس کو پروسیس کرنے اور انہیں ایک بصری طور پر حیران کن، فکر انگیز اخباری ایڈیشن میں تبدیل کرنے کے لیے جدید اے آئی ٹیکنالوجی کی طاقت کا استعمال کیا جس نے مستقبل کے لیے قوم کے اجتماعی خوابوں کو سمیٹ لیا۔ جنگ اور جیو میڈیا گروپ کے منیجنگ ڈائریکٹر سینیٹر سرمد علی نے مہم کی کامیابی پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وژن 2047ہمارے لیے ایک جرات مندانہ اور بامعنی منصوبہ تھا کیونکہ اس نے پرنٹ میڈیا کے مستقبل اور صلاحیت کو ظاہر کیا۔ غیر یقینی صورتحال اور معاشی چیلنجوں کے دور میں ہم مثبتیت پھیلانا اور قوم کو متاثر کرنا چاہتے ہیں۔ یہ مہم اس بات کا ثبوت ہے کہ جب تخلیقی صلاحیتیں، ٹیکنالوجی اور مقصد ایک ساتھ آتے ہیں تو کیا ہو سکتا ہے۔
اہم خبریں سے مزید