اسلام آباد ( نیو زرپورٹر،نمائندہ خصوصی)صدر مملکت آصف علی زرداری نے پشین اور ژوب میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ہفتہ کو جاری بیان میں صدر مملکت نے خوارج دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا،وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا پاکستان کے دشمنوں کے ملک میں انتشار و بد امنی پھیلانے کے عزائم کو خاک میں ملانے کے مشن میں پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔پانچ خوارج کی گرفتاری، دو خوارج کو جہنم واصل کرنے اور بڑی تعداد میں اسلحہ و دھماکہ خیز مواد ضبط کرنے پر افسران و جوانوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم وطن عزیز کو فتنہ الخوارج سے پاک کرنے کیلئے دن رات سرگرمِ عمل پاک فوج کے افسران و جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی فتنہ الخوارج کے 2 دہشتگردوں کو جہنم واصل اور 5 دہشتگردوں کی گرفتاری پر سکیورٹی فورسز کو شاباش دی ہے۔