اسلام آباد (فاروق اقدس/تجزیاتی جائزہ) 26ویں آئینی ترمیم کا بھاری پتھر کامیابی سے اٹھانے بعد سربراہان کے غیر ملکی دورے ،صدر آصف علی زرداری 4 نومبر کو چین کے چار روزہ دورے پر روانہ ہوں گے جہاں ان کی دیگر مصروفیات کے علاوہ اپنے ہم منصب صدر شی جن پنگ سے ملاقات شیڈول ہے۔وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب سے قطر اور 10نومبر کو آذربائیجان میں ہونے والی دو روزہ کانفرنس میں شرکت کرینگے ، نواز شریف کی واشنگٹن میں اہم ملاقاتیں صدر پاکستان کی اس ملاقات کو رواں ماہ اسلام آباد میں ہونے والی شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں دونوں ملکوں کے درمیان اہم امور پر ہونے والی پیشرفت کے تناظر میں غیر معمولی اہمیت کا حامل قرار دیا جارہا ہے۔ یاد رہے کہ اسلام آباد میں ہونے والے ایس سی او کے اجلاس میں شرکت کیلئے چین کے وزیراعظم لی چیانگ کنگ نے پاکستان کا چار روزہ دورہ کیا تھا جبکہ دوسری طرف وزیراعظم شہباز شریف جو سعودی عرب کے اہم دورے پر ہیں جہاں انہوں نے سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے دارالحکومت ریاض میں ملاقات کی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف جو سعودی عرب کے دو روزہ دورے پر ہیں وہاں اپنی مصروفیات مکمل کرنے کے بعد ریاض سے براہ راست قطر جائیں گے۔