کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر رہنما پی ٹی آئی شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ علی امین گنڈا پورکو احتجاج کرنے کی ضرورت کیا ہے وہ وزیراعلیٰ ہیں وہ اپنے کام سے کام رکھیں ،پی ٹی آئی میں یہ سازش ہو رہی ہے کہ جو بندہ کچھ کرسکتا ہے اس کے خلاف سازش کی جاتی ہے عمران خان کے ذہن میں یہ بات بٹھائی گئی کہ یہ آپ کی جگہ لینا چاہتا ہے۔تین لاکھ لوگ ڈی چوک پر میرے ساتھ بیٹھ جائیں تو اسٹبلشمنٹ سے رابطے کی ضرورت نہیں ہے وہ خود کہیں گے کہ ہم بات کرنے کو تیا رہیں۔سینئر رہنماجے یو آئی کامران مرتضیٰ نے کہا کہ پہلے ہائیکورٹس میں ججز کی تعداد پوری کی جانی چاہئے آدھی ہائی کورٹس خالی ہیں خاص طور پر لاہور وغیرہ پہلے انہیں مکمل کرنا چاہیے۔جن عدالتوں میں رش زیادہ ہے اس کی تعداد پوری کرلیں مگر اپنی مرضی کے لوگ لانے کے لیے اچھا پیغام نہیں جائے گا۔ کمیشن میں اکثریت ان کی ہوگی تو اس کا مطلب یہی ہوگا کہ من پسند لوگ لائے ہیں۔ اصولی طور پر اس سے اختلاف نہیں ہے کہ ججز کی تعداد بڑھائی جائے۔میزبان شاہزیب خانزادہ نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مزید قانون سازی کرنا چاہ رہی ہے وکلا کا ایک گروہ آئینی ترامیم کے خلاف تحریک چلانے کا دعویٰ کر رہا ہے اور اصولی صورتحال میں تحریک انصاف امید کر رہی تھی کہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں حامد خان گروپ کامیاب ہوگا اور ملک بھر میں وکلاء تحریک چلائیں گے۔ مگر اب تک سپریم کورٹ بار کے جو نتائج سامنے آئے ہیں عاصمہ جہانگیر گروپ کے میاں رؤف عطا کو برتری حاصل ہے ۔