اسلام آباد ( رپورٹ :حنیف خالد) مسٹر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ جو 25اکتوبر کو اپنے عہدے کی معیاد مکمل کرکے ریٹائرڈ ہوئے انہیں چار روز بعد ہی برطانیہ کی معروف عالم درسگاہ مڈل ٹیمپل میں منگل کو ایک پروقار تقریب میں عالمی طور پر مسلمہ بنچرکے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ تقریب میں پرتکلف عشائیہ بھی دیا گیا جس سے سابق چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے خطاب کیا ، ان کو بنچر ایوارڈ دیئے جانے کی CITATIONپڑھی گئی۔ تالیوں کی گونج میں مسٹر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو مڈل ٹیمپل لندن کے بنچر کیلئے مخصوص بلندی پر رکھی گئی نشست پر بٹھایا گیا۔ مسٹر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو برطانیہ کی آنرایبل سوسائٹی آف دی مڈل ٹیمپل کے معروف عالم بنچر نامی جس ایوارڈ سے نوازا گیا ہے وہ اعزاز حاصل کرنے کیلئے قانون کے شعبے میں باوقار شہرت کا حامل ہونا اور اس شعبے میں نمایاں خدمات کا سرانجام دیئے جانے ضروری ہے۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے اعزاز میں دیئے گئے پروقار عشائیہ میں مڈل ٹیمپل ان(INN)کے بنچرز اور اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی۔