• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ، لبنان میں خوفناک بمباری، 225 شہید، 5 صیہونی فوجی ہلاک، حوثیوں کے عسقلان پر ڈرون حملے

غزہ ، بیروت ، کراچی (اے ایف پی، نیوز ڈیسک) اسرائیلی طیاروں نے غز ہ اور لبنان کو خون میں نہلا دیا، خواتین اور بچوں سمیت 225 افراد شہید اور سیکڑوں زخمی ہوگئے، غزہ میں اسپتال ذرائع کے مطابق غزہ میں بمباری سے143 ہوگئے جن میں سے 132کا تعلق صرف شمالی غزہ سے ہے،بیت لاحیہ میں اسرائیلی بمباری سے 5منزلہ عمارت تباہ ہوگئی جس میں 109فلسطینی شہید ہوگئے،امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر کا کہنا ہے کہ وہ شمالی غزہ میں رہائشی عمارت پر بمباری میں دو درجن بچوں کی شہادت پر تشویش کا شکار ہیں، انہوں نے کہا کہ امریکا نے اسرائیل سے اس ضمن میں وضاحت طلب کرلی ہے ، شمالی غزہ تین ہفتوں سے اسرائیلی فوج کے حصار اور ناکہ بندی میں ہے جہاں اس دوران ایک ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں ، دوسری جانب لبنان میں وزارت صحت کے مطابق 24گھنٹوں میں 82افراد شہید اور182زخمی ہوگئے، اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں القسام کے حملے میں 4صیہونی فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی جبکہ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ لبنان میں زخمی ہونے والا فوجی اہلکار بھی دم توڑ گیا ، یمن میں سرگرم حوثیوں نے اسرائیلی شہر عسقلان پر ڈرون حملے کئے ہیں،حوثیوں کے ترجمان کے مطابق ڈرونز انڈسٹریل ایریا کی جانب داغے گئے جبکہ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ڈرونز اسرائیلی حدود میں داخل ہونے کے بعد خالی علاقے میں جاگرے ، حزب اللہ نے بھی اسرائیلی فوجی اڈوں اور علاقوں پر درجنوں راکٹ داغے ہیں ،ایران کے صدر مسعود پزشکیان کا کہنا ہے کہ حزب اللہ کے نئے سربراہ کے انتخاب سے مزاحمت مزید مضبوط ہوگی ، اسرائیل نے اقوام متحدہ میں فلسطینی امدادی ایجنسی (اونرا) پر پابندی عائد کردی ، عالمی برادری کا اظہار مذمت ، اقوام متحد ہ میں فلسطینی سفیر ریاض منصور کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے استثنیٰ کیساتھ قتل عام جاری رکھا ہوا ہے ، آئرلینڈ نے کہا ہے کہ یورپی یونین اسرائیل کیساتھ تجارتی تعلقات پر نظر ثانی کرے، اسپین نے اسرائیلی کمپنی سے گولہ بارود کی خریداری روک دی، ناروے نےعالمی عدالت انصاف سے کہا ہے کہ وہ غزہ میں امداد کی فراہمی کے اپنے فیصلے پر عملدرآمد کروائے ۔ تفصیلات کے مطابق صیہونی فورسز کے طیاروں نے محصور زدہ شمالی غزہ کے علاقے بیت لاحیہ میں 5منزلہ عمارت پر بمباری کرکے اسے تباہ کردیا جہاں 200کے قریب پناہ گزین موجود تھے، حملے میں 109فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے، شمالی غزہ میں امدادی ادارے کارروائیوں سے قاصر ہیں جس کے باعث لوگ اپنے ہاتھوں سے میتوں اور زخمیوں کو ملبے کے ڈھیر سے نکالتے رہے۔
اہم خبریں سے مزید