• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایم ڈی کیٹ‘ 150 امیدواروں کو ایف آئی اے نوٹسز جاری

کراچی(ثاقب صغیر /اسٹاف رپورٹر)ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کا پرچہ آؤٹ ہونے کے واقعہ پر ایف آئی اے نے 150 کے قریب امیدواروں کو مختلف تاریخوں میں پیش ہونے کے لیے نوٹسز جاری کر دئیے ہیں ۔ ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل میں اس حوالے سے شروع ہونے والی انکوائری میں ایم ڈی کیٹ امتحان میں 190 اور اس سے زائد نمبر حاصل کرنے والے طلبہ کو طلب کیا گیا ہے ۔ان سے پرچہ لیک ہونے سے متعلق سوالات پوچھے جائیں گے۔امیدواروں کو دئیے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ان کا بیان لینے کے ساتھ ان کا فرضی امتحان بھی لیا جا سکتا ہے اور نوٹس کا جواب نہ دینے کی صورت میں ان کے خلاف دستیاب ثبوتوں کی روشنی میں قانونی ایکشن لیا جائے گا۔اس حوالے سے ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل میں ممبر آف بورڈ آف ڈائریکٹر ہیومن رائٹس جسٹس اینڈ ڈیفنڈرز آرگنائزیشن بلاول ملاح کی کمپلینٹ پر انکوائری نمبر 2279/2024کی تحقیقات کی جاری ہیں۔انکوائری کے دوران ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل میں ان امیدواروں کو بھی طلب کیا گیا ہے جن کے 21 ستمبر 2024 کو ہونے والے ایم ڈی کیٹ امتحان میں حاصل کردہ نمبر غیر معمولی طور پر زیادہ ہیں۔ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض امیدواروں نے 98اور 99فیصد نمبر بھی حاصل کیے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید