• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودیہ کا پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کا اعلان


سعودی عرب نے پاکستان میں سرمایہ کاری 2.2 ارب ڈالرز سے بڑھا کر 2.8 ارب ڈالرز کرنے کا اعلان کر دیا۔

سعودی وزیرِ سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ جب پاکستان گئے تھے تو 27 مفاہمتی یادداشتوں کے تحت 2.2 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری پر اتفاق ہوا تھا، اس وقت ہی کہا تھا کہ یہ آغاز ہے، اس میں مزید اضافہ بھی کریں گے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے مزید سرمایہ کاری کے اعلان پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ مالی معاملات میں پاکستان کے ساتھ تعاون پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ مل کر خوش حالی اور ترقی کی منازل طے کریں گے، مشترکہ اہداف حاصل کریں گے۔  

اس سے قبل وزیرِ اعظم شہباز شریف سے سعودی وزیر سرمایہ کاری اور شاہی دیوان کے مشیر نے ملاقات کی تھی۔

ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مختلف اقتصادی اقدامات پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا تھا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ مفاہمتی یادداشتوں کے سرمایہ کاری اور تجارتی معاہدوں کی شکل میں مثبت نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں۔

وزیرِ اعظم نے اقتصادی شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کی رفتار کو جاری رکھنے پر بھی گفتگو کی۔

شہباز شریف نے مضبوط اقتصادی تعاون کی کوششوں اور عزم پر سعودی وزیر خالد الفالح کا شکریہ ادا کیا۔

ملاقات میں وزیرِ دفاع خواجہ آصف، وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب، وزیرِ نج کاری عبدالعلیم خان، وزیرِ پیٹرولیم مصدق ملک، وزیرِ تجارت جام کمال خان اور وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ بھی موجود تھے۔

تجارتی خبریں سے مزید