ہیوسٹن( رپورٹ:راجہ زاہد اختر خانزاد/ہ نمائندہ جنگ) پاکستانی بزنس کمیونٹی کے رہنما اور آئل بزنس ٹائیکون سید جاوید انور نے امریکا کے صدارتی انتخابات میں صدر ٹرمپ کی انتخابی مہم کیلئے 20لاکھ ڈالر سے زائد عطیہ کیے ہیں۔ انہوں نے جیو نیوز اور جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کاروباری طبقے کیلئے امید کی واحد کرن ہیں۔ سید جاوید انور کا کہنا تھا کہ یہ کہنا مشکل ہے کہ کون جیتے گا، لیکن موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے انہیں امید ہے کہ ٹرمپ کامیاب ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کے دور میں انٹرسٹ ریٹس کم تھے، جبکہ بائیڈن کے دور میں انٹرسٹ ریٹس 9 فیصد تک پہنچ چکے ہیں، جس سے امریکہ میں رہنے والے نوجوان جوڑے بھی گھروں کی خریداری میں مشکلات کا شکار ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، جس سے متوسط طبقے کے افراد کی زندگیوں پر برا اثر پڑا ہے۔