کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں شرح سود میں کمی کے باعث سرمایہ کاروں کی زبردست سرگرمی ،مارکیٹ میں نیا ریکارڈ قائم، کے ایس ای100 انڈیکس میں 1078 پوائنٹس کااضافہ،91ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور ہو گئی، 57.97فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت بڑھ گئی،سرمایہ کاری مالیت میں 101 ارب 80 کروڑ 7 لاکھ روپے کا اضافہ، کاروباری حجم بھی 26.54فیصد زیادہ رہا۔ دریں اثنا اسٹیٹ بینک نےغیر متوقع طور پر شرح سود میں 2.5 فیصد کمی کرتے ہوئے اسے17.5 سے کم کر کے 15 فیصد کرنے کا اعلان کیا ہے ،اسٹیٹ بینک کی جانب سے یہ مسلسل چوتھی مرتبہ کمی کی گئی ہے ،اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ روپیہ مستحکم ، مہنگائی کنٹرول اور زرمبادلہ ذخائر بڑھ رہے ہیں، مہنگائی میں نمایاں کمی واقع ہوئی اور یہ وسط مدتی ہدف کی حد کے قریب پہنچ گئی، نئے ای ایف ایف پروگرام کی منظوری سے غیر یقینی کیفیت کم ہوئی ہے ۔ ادھر اسٹاک مارکیٹ میں بھی نیا ریکارڈ بن گیا اور انڈیکس میں 1078پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور 91ہزار کی نفسیاتی حد بھی عبور کردی ، سرمایہ کاری مالیت 101 ارب 80 کروڑ روپے بڑھ گئی،حجم میں 27فیصد بہتری ہوئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی زری پالیسی کمیٹی ( ایم پی سی ) کے اجلاس میں پالیسی ریٹ کو5 نومبر 2024ء سے250بی پی ایس کم کرکے 15 فیصد کرنے کا فیصلہ کیاہے۔