کوئٹہ (این این آئی)حق دو تحریک بلوچستان کے مرکزی چیئرمین واجہ حسین واڈیلہ کی صدارت اور قائد تحریک مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کی موجودگی میں حق دو تحریک بلوچستان کے مرکزی و ضلعی عہدیداروں کا تنظیمی اجلاس گوادرمیں ہوا جس میں مختلف تنظیمی امور پر مشاورت کی گئی اور اہم فیصلے کئے گئے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حق دو تحریک کا پہلا ورکرز کنونشن 26 دسمبر کو ہو گا اور آئندہ مرکزی چیئرمین سمیت مرکزی کابینہ و دیگر عہدیداروں و ذمہ داران کا بھی انتخاب عمل میں لایا جائے گااس کے علاوہ مشاورت سے یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ورکرز کنونشن تک کابینہ (مرکزی، ضلعی، تحصیل، علاقائی اور محلہ وار یونٹ) کو فوری طور پر تحلیل اور تمام عہدیداراوں سمیت سینٹرل کمیٹی کے ارکان کو بھی آئندہ تنظیمی الیکشن تک فارغ کردیا جائے گا اور تمام عہدیدار و ذمہ داران حق دو تحریک کے عام ورکرز کی طرح معاونت کریں گے۔اجلاس میں مشاورت سے یہ بھی طے پایا کہ تنظیمی امور کو چلانے اور آئندہ تنظیمی الیکشن کے انعقاد کے لئے عارضی سیٹ اپ قائم کیا جائے گا جس کے لئے حفیظ کیازئی کو عارضی مرکزی آرگنائزر مقرر کیا گیا اور انہیں اختیار دیا گیا کہ وہ اپنی معاونت کے لئے عارضی مرکزی ڈپٹی آرگنائزر اور علاقائی آرگنائزرز کے تقرر سمیت معاون کمیٹیاں بھی بنا سکتے ہیں ۔