کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) شاہرگ سے مبینہ طور پر لاپتہ ہونے والےاللہ رکھیہ سمالانی کی والدہ نے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے بیٹے کو فوری بازیاب کیا جائے ۔ یہ بات انہوں نے پیر کو وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے کیمپ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم گزشتہ 6 سال سے کرب و اذیت سے گزررہے ہیں ،میرے بیٹے اللہ رکھیہ ولد قادر سمالانی کو 8 جون 2019ء کو ضلع ہرنائی کے علاقے شاہرگ سے مبینہ طور پر لاپتہ کیا گیا اور ان چھ سال کے دوران اس سے متعلق ہمیں کوئی معلومات نہیں ۔ اللہ رکھیہ کے لاپتہ ہونے کے حوالے سے وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے پلیٹ فارم سے کمیشن میں درخواست جمع کرائی ، کمیشن میں ایک سال تک چلنے کے بعد کیس بند کردیا گیا ،ہمیں خدشہ ہے کہ اللہ رکھیہ سمالانی کو کہیں کوئی نقصان نہ پہنچایا گیا ہو ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ رکھیہ سمالانی کے لاپتہ کئے جانے کے 8 ماہ بعد میرے دوسرے بیٹے لقمان سمالانی کو شاہرگ بازار سے لاپتہ کیا گیا ،گیارہ ماہ بعد لقمان سمالانی بازیاب ہوا تاہم اللہ رکھیہ سمالانی تاحال لاپتہ ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اللہ رکھیہ سمالانی کو فوری بازیاب کرایا جائے ۔