نیویارک (تجزیہ :عظیم ایم میاں) امریکا کے 2024ء کے انتخابات میں عوامی ووٹنگ کا تاریخی مرحلہ آن پہنچا 50؍ امریکی ریاستوں اور 6؍ مختلف ٹائم زون والے وسیع و عریض امریکا میں دنیا کے مرکزی ٹائم (GMT)کے مطابق منگل 5؍ نومبر کی صبح 10؍ بجے (GMT) پاکستانی وقت کے مطابق منگل کو دوپہر 3بجے شروع ہونے والی ووٹنگ کا عمل بدھ صبح( (GMT 6.00 بجے تک امریکا بھر کے پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹنگ کا عمل جاری رہے گا۔ ایک اندازے کے مطابق 230؍ ملین بالغ امریکیوں میں سے تقریبا 160؍ملین رجسٹرڈ ووٹرز میں سے 70؍ ملین ووٹرز پہلے ہی بذریعہ ڈڈاک اور (Early Voting)کے انتظامات کے تحت ووٹ کا حق استعمال کرچکے ہیں۔ 5؍ نومبر کو ووٹنگ کے اوقات پر امریکی ریاست اپنے اپنے اختیارات، رولز، نظام اور مقامی وقت کے مطابق طے کرتے ہیں۔ گو کہ 2024ء کے انتخابات میں امریکی صدر کیلئے ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹک امیدوار کملا ہیرس کے درمیان انتخابی مقابلہ کے علاوہ ایوان نمائندگان کی 435؍ اور سینیٹ کی 34؍ نشستوں کے ساتھ ساتھ 11؍ امریکی ریاستوں کے گورنروں کے انتخابات ہورہے ہیں لیکن امریکی ووٹر سے لیکرعالمی لیڈروں اور ساری دنیا کی توجہ ڈونلڈ ٹرمپ اور کملا ہیرس کی ہار جیت پر مرکوز ہیں۔ان انتخابات کے نتائج نہ صرف آئندہ چار سال کیلئے امریکی ووٹروں سمیت ہر امریکی شہری کی زندگی پر اثرات ڈالیں گے بلکہ تیزی سے بدلتی دنیا کی سیاست، معیشت، معاشرت اور جنگ اور امن کی صورتحال کوبھی متاثر کریگی۔