اسلام آباد ( افضل بٹ ) پی ٹی آئی کی ’’خاموش ‘‘اور حکومت کی اعلانیہ حمایت سے پارلیمنٹ نے جنرل عاصم منیر کی مدت ملازمت میں 2 سال توسیع کی منظوری دیدی ہے، پریس گیلری میں موجود صحافیوں و تجزیہ نگاروں میں اکثریت کی یہ رائے تھی کہ پی ٹی آئی نے خاموش حمایت کی ، 26ویں ترمیم پر فرینڈلی اپوزیشن کا تاثر زائل کرنے کی کوششیں کی گئیں جبکہ آرمی چیف کے معاملے پر پالیسی مختلف رہی ۔ واضح رہے کہ قومی اسمبلی و سینٹ میں مذکورہ بل پیش ہونے سے منظوری تک تحریک انصاف کے کسی بھی رکن اسمبلی نے آرمی چیف اسٹیبلشمنٹ یا مذکورہ بل کیخلاف ایک نعرہ لگایا اور نہ ہی پی ٹی آئی نے ایوان میں تقریر کا موقع حاصل کرکے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کیخلاف اپنا مؤقف رکھنے کی کوشش کی۔ تفصیلات کے مطابق حکومت کی طرف سے جنرل عاصم منیر سمیت تینوں سروسز چیفس کی مدت تین سال سے بڑھا کر پانچ سال کرنے کا بل قومی اسمبل وسینٹ میں پیش ہوا تو تحریک انصاف کی قیادت نے 26ویں آئینی ترمیم کے بعد “ فرینڈلی اپوزیشن “ کے طعنوں اور ڈیل کی خبروں کا تاثر زائل کرنے کیلئے اپنی حکمت عملی یکسر تبدیل کئے رکھی۔ اس دوران پی ٹی آئی نے زور دار طریقے سے ڈیسک بجائے، بل کاپیاں پھاڑ کر فضا میں اچھالتے رہے،ا سپیکر ڈائس کا گھیراؤ کیا اور مسلم لیگی اراکین اسمبلی کے ساتھ ہاتھا پائی کی کوشش بھی کی۔