کراچی (اسٹاف رپورٹر) میلبرن میں کم اسکور کے باوجود پاکستانی فاسٹ بولروں نے آخر دم تک پوری جان سے لڑائی کی، آسٹریلوی بیٹنگ لائن کو مشکل میں ڈالے رکھا لیکن پاکستان کو منزل نہ دلاسکے۔عالمی چیمپئن نے سخت مقابلے کے بعد پہلا ون ڈے انٹر نیشنل دو وکٹ سے جیت لیا ۔ دوسرا میچ جمعے کو ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا۔ پاکستانی اننگز میں کوئی بیٹر نصف سنچری اسکور نہ کرسکا۔ فاسٹ بولر حارث رؤف دو گیندوں پرلیبوشین اور گلین میکس ویل کو آؤٹ کرکے پاکستان کو میچ میں واپس لے آئے۔ پہلا ون ڈے انٹر نیشنل کھیلنے والے عرفان نیازی نے 35گیندوں پر 22رنز چار چوکوں کی مدد سے بنائے اور شاندار فیلڈنگ کرتے ہوئے تین کیچ لئے۔ پیر کو آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بولنگ کو ترجیح دی۔ قومی ٹیم 46.4 اوور میں 203 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ کینگروز نے ہدف33.3 اوورز میں 8 وکٹ پر پورا کرلیا۔ پاکستانی فاسٹ بولروں نے آسٹریلوی بیٹنگ لائن کو پریشان کئے رکھا۔