• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ 7 نکاتی ایجنڈے پر عمل درآمد سے مشروط

کراچی(سید محمد عسکری) آئ بی اے سکھر نے سندھ میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے انعقاد کو اپنے 7 نکاتی ایجنڈے پر عمل درآمد سے مشروط کردیاہے۔ صوبائی سیکریٹری صحت کو لکھے گئے خط میں آئی بی اے سکھر کی ٹیسٹنگ ایجنسی کے سیکریٹری نے کہا ہے کہ آئی بی اے سکھر سے ٹیسٹ کرانے کیلئے 7نکاتی ایجنڈے پر فوری عمل کیا جائے، ٹیسٹ کے انعقاد میں وقت بہت کم ہے لہذا پی ایم ڈی سی اور محکمہ صحت سے دو فوکل پرسنز فوری طور پر تعینات کیئے جائیں، ‏پی ایم ڈی سی، محکمہ صحت، محکمہ بورڈز و جامعات، آٓئی بی اے سکھر اور جامعات کے نمائندوں کا ایک آن لائن اجلاس فوری طلب کیا جائے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ آئی بی اے سکھر کی ٹیسٹنگ سروسز 6000 روپے چارج فی امیدوار لے گی اور یہ رقم ٹیسٹ کی مقررہ تاریخ سے 15 روز قبل سرکاری بنک اکاؤنٹ میں جمع کرائی جائے گی۔ خط میں کہا گیا ہے کہ عدالت سے کراچی سمیت پورے علاقوں کے لیے ٹیسٹ کی اجازت لی جائے کیونکہ عدالتی حکم نے سکھر آئی بی اے کو محدود کر دیا ہے جس کے تحت آئی بی اے سکھر جامعہ کراچی کے علاوہ تمام علاقوں کا ٹیسٹ لے گی۔ خط میں مزید کہا گیا ہے کہ ٹیسٹ کی تیاری اور اس پر عمل درآمد کے لیے مزید وقت درکار ہے۔ مزید برآں، مقررہ وقت سے سات (07) دن پہلے ہی گزر چکے ہیں جب کہ سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کو سیکرٹری، یونیورسٹیز اور بورڈز، اور نہ ہی سیکرٹری صحت، حکومت کی طرف سے ابھی تک ٹیسٹ کے حوالے سے تحریری ہدایت موصول نہیں ہوئی۔ خط میں مزید کہا کہ تمام امیدوار جنہوں نے پی ایم ڈی سی کے آن لائن پورٹل کے ذریعے ٹیسٹ کے لیے درخواست دی ہے، ان کے ڈیٹا کو فوری طور پر دو (02) کام کے دنوں میں آئی بی اے سکھر کے ٹیسٹنگ کے ساتھ شیئر کیا جائے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ آئی بی اے سکھر کی ٹیسٹنگ سروسز اور محکمہ صحت کے درمیان ٹیسٹ کی شرائط کے سلسلے میں مفاہمت نامے پر دستخط ہونے چاہئیں۔

اہم خبریں سے مزید