• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس، ملازمین کی مستقلی میں گھپلوں کی کوششوں کا آغاز

کراچی (بابر علی اعوان / اسٹاف رپورٹر) کورونا وائرس کے دوران بھرتی ملازمین کی مستقلی کے عمل میں گھپلوں کی کوششیں شروع کر دی گئی ہیں۔ ڈی ایچ او سینٹرل کی حتمی فہرست میں ناظم آباد ٹاؤن کی طرف سے ایک ایسے ڈیٹا انٹری آپریٹر کو شامل کرانے کی کوشش کی جارہی ہے جس کی تعیناتی ڈسٹرکٹ ریکروٹمنٹ کمیٹی کے تحت عمل میں نہیں لائی گئی تھی بلکہ مبینہ طور پر جعلسازی سے اسے ملازم بنایا گیا تھا ۔ ذرائع کے مطابق ڈی ایچ او کی جانب سے حتمیٰ فہرست ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کراچی کو بھیجے جانے کے بعد اب محمد جمال رضا قادری کانام فہرست میں شامل کرنے کی کوشش ہورہی ہے جس کے لئے ٹاؤن ہیلتھ آفیسرناظم آباد سے لیٹر بھی بنوا لیا گیاہے ۔جنگ کو حاصل لیٹر کے مطابق ٹاؤن ہیلتھ آفیسر ناظم آباد ڈاکٹر محمد خرم خان نے ڈی ایچ او سینٹرل سے درخواست کی ہے کہ محمد جمال رضا قادری کا نام ڈی آر سی سے مس ہو گیا ہے اس لئے اس کانام شامل کیا جائے۔ اس سلسلے میں ٹاؤن ہیلتھ آفیسر ناظم آباد ڈاکٹر محمد خرم خان کا موقف لینے کے لئے متعدد بار رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی، ان کے موبائل پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ پر بھی پیغام ارسال کیا گیا تاہم ان کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
اہم خبریں سے مزید