لیڈز(زاہد انورمرزا) برطانیہ کے صحت کے سب سے بڑے ادارے این ایچ ایس کیلئے حکومت کی جانب سے6.22ملین پاؤنڈ کے اعلان کو ماہرین صحت نے ناکافی قرار دے دیا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ این ایچ ایس کیلئے £22.6 بلین پاؤنڈز اضافی فنڈنگ کافی نہیں ہے۔اعلی تھنک ٹینک کا کہنا ہے کہ چانسلر کے بجٹ میں اخراجات میں اضافے کا زیادہ تر حصہ پہلے سے موجود منصوبوں پر خرچ ہو جائے گا۔ طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ بجٹ میں این ایچ ایس کے فنڈز میں کیا گیا اضافہ این ایچ ایس کی بگڑتی ہوئی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے ناکافی ہوگا۔ واضح رہے چانسلر ریچل ریوز نے گزشتہ ہفتے این ایچ ایس کیلئے 2024اور 2025کیلئے اضافی £22.6 بلین پاؤنڈز کا اعلان کیا تھا جس کے بارے میں ان کا دعویٰ تھا کہ یہ صحت کے شعبے کیلئے 2010کے بعد سب سے بڑا اضافہ ہے تاہم کنگز فنڈ کے تجزیئے کے مطابق اس رقم کا بڑا حصہ این ایچ ایس کے پہلے سے طے شدہ بھرتی کے منصوبوں میں استعمال ہو جائے گا جس میں زیادہ تر نرسز اور ڈاکٹرز کو عملے میں شامل کیا جائے گا۔ واضح رہے انگلینڈ میں این ایچ ایس کی انتظار کی فہرست 20گھنٹے سے تجاوز کر چکی ہے جس سے اموات میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔