ٹیکساس (رپورٹ،راجہ زاہد اختر خانزادہ ) امریکہ میں صدارتی انتخابات کے روز پولنگ کا عمل آج عمومی طور پر ہموار جارہا ہے امریکہ میں چند مقامات پر موسم کی شدت، بیلٹ پرنٹنگ کی غلطیاں اور تکنیکی مسائل کی وجہ سے معمولی تاخیر ہوئی،مگر کوئی بڑے مسائل پیش نہیں آئے۔
مقامی امریکی میڈیا کے مطابق اہم ریاست پنسلوانیا میں ابتدائی طور پر اطلاعات آئیں کہ کچھ پولنگ اسٹیشنوں پر ریپبلکن پول واچرز کو داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جا رہی تھی، مگر اس مسئلے کو جلد حل کر دیا گیا۔ ایک پنسلوانیا کے جج نے کیمبرایا کاؤنٹی میں پولنگ دو گھنٹے اضافی کھولنے کا حکم دیا ہے کیونکہ وہاں ایک سافٹ ویئر خرابی سے بیلٹ اسکیننگ میں رکاوٹ پیدا ہوئی تھی، لیکن کوئی بھی ووٹر پولنگ سے واپس نہیں گیا۔دیگر ریاستوں میں جیسے کہ شیمپین کاؤنٹی، الینوائے اور لوزیویل، کینٹکی میں تکنیکی خرابیوں اور الیکٹرانک پول بکس کے مسائل کی وجہ سے ووٹنگ میں عارضی تاخیر ہوئی، تاہم جلد ہی مسائل کو حل کر لیا گیا۔
ایری زونا کے ماریکوپا کاؤنٹی میں ایک پولنگ اسٹیشن میں اس وقت تاخیر ہوئی جب ایک کارکن چابی لانا بھول گیا۔ دریں اثنا ریاست میزوری میں برساتی سیلاب کی وجہ سے ایک پولنگ اسٹیشن تک پہنچنا مشکل ہو گیا ہے اور دیگر مقامات پر بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی، جس پر جنریٹرز کا استعمال کر کے پولنگ کا عمل جاری رکھا گیا ہے تاہم مختلف ریاستوں میں بارش کے باوجود ووٹرز جوش و خروش سے قطاروں میں کھڑے ہو کر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کررہے ہیں ۔