سرینگر (اے ایف پی، جنگ نیوز) مقبوضہ کشمیر کی ریاستی اسمبلی نے بدھ کے روز مسلم اکثریتی ریاست کی خودمختار حیثیت کی بحالی کی قرارداد منظور کرلی ہے ، بی جے پی کے علاوہ حکومت اور اپوزیشن میں شامل تمام جماعتوں نے قرارداد کی حمایت کی ، قراردادکی حتمی منظوری بھارتی حکومت کی جانب سے عائد کردہ گورنر کی رضا مندی سے مشروط ہے ۔ قرارداد میں نئی دہلی سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ آرٹیکل 370کو بحال کرے جسے مودی حکومت نے 2019میں ختم کردیا تھا جس کے بعد بڑے پیمانے پر احتجاج کوکچلنے کیلئے گرفتاریوں اور کئی ماہ تک مواصلاتی ذرائع پر پابندی رہی ۔ اس کے بعد سے ریاست کو نئی دہلی کی جانب سے تعینات کردہ گورنر کے تحت چلایا جارہا تھا۔ گزشتہ ماہ ریاستی انتخابات میں ووٹرز نے حکمران جماعت بی جے پی مخالف اپوزیشن کو ووٹ دے کر کامیاب بنایا تھا ۔ کثرت رائے سےمنظور شدہ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ اسمبلی بھارتی حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ ریاست کے منتخب نمائندوں کیساتھ مذاکرات کا آغاز کرے اور کشمیر کی خصوصی حیثیت کو بحال کیا جائے ۔