اسلام آباد(نیوز رپورٹر) چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا سے ڈائریکٹر ایف آئی اے اینٹی ہیومن اسمگلنگ ونگ ثاقب سلطان محمود نے سی ڈی ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات کی جس میں انسانی اسمگلنگ سے متعلق مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایف آئی اے نے کہا کہ پاکستان کو ٹی آئی پی(ٹریفیکنگ ان پرسنز) واچ لسٹ میں شامل ہونے سے بچانے کے لئے فوری اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔چیئرمین سی ڈی اے نے جبری بھیک مانگنا اور جبری مشقت وغیرہ سمیت انسانی سمگلنگ کی تمام صورتوں کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ آئی سی ٹی محکموں کو ہدایت کی کہ وہ ٹی آئی پی کے مقدمات جن میں جنسی استحصال، جبری مشقت اور جبری بھیک مانگنا شامل ہیں سے متعلق تمام ڈیٹا اور معلومات جمع کرکے ایف آئی اے کے اینٹی ہیومن سمگلنگ ونگ کے ساتھ شیئر کریں۔ دریں اثناءچیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا سےچینی وفد نے بھی ملاقات کی جس میں اسلام آباد کی ترقی کیلئے باہمی تعاون کے مختلف شعبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔