اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس نے حکومت کو دو ہفتے کی ڈیڈ لائن دے دی ہے، چیف کوآرڈینیٹر رحمان علی باجوہ نے کہا ہے کہ حکومت سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں تفریق کا خاتمہ کرے۔ ڈیلی ویجز اور کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کیا جائے، حکومتی زعماء رانا ثناء اللہ اور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کے وعدوں کو پورا کیا جائے بصورت دیگر 20 نومبر کو پارلیمنٹ ہاؤس، سول سیکرٹریٹ لاہور اور پشاور میں کے پی کے اسمبلی کے سامنے احتجاجی مظاہرے اور دھرنے دیئے جائینگے۔ پاکستان بھر سے تقریباً ساٹھ مختلف یونیز ایسوسی ایشنز کے قائدین جن میں صدر آگیگا پاکستان یاسین وڑائچ، چیئرمین آگیگا پاکستان حیدر علی خان استانزئی، صدر آگیگا پنجاب راجہ طاہر، چیئرمین آگیگا خیبر پختونخوا وزیر زادہ، سمیع اللہ خان خلیل، رخسانہ انور، رفاسیت قمر و دیگر کے ہمراہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رحمان علی باجوہ کا مزید کہنا تھا کہ بجٹ میں تنخواہوں پر 100 فیصد ٹیکسوں میں ظالمانہ اضافے واپس لیا جائے۔ پریس کانفرنس میں رحمان علی باجوہ نےوفاقی حکومت کی جانب سے اسلام آباد کے تعلیمی اداروں کو ایکٹ کے ذریعے اتھارٹی بنانے اور سی ڈی اے کے ہسپتال سمیت پنجاب میں صحت کے اداروں کی نجکاری پر تشویش کا اظہار کیا۔