راولپنڈی (نمائندہ جنگ) سردیاں شروع ہوتے ہی راولپنڈی کے بیشتر علاقوں میں قدرتی گیس کے بحران پر صارفین سراپا احتجاج بن گئے ۔ویسٹریج، اڈیالہ روڈ، ڈیفنس روڈ، گلشن آباد، لالہ زار، صادق آباد ، مسلم ٹاؤن کرنل یوسف کالونی ، اشرف کالونی اڈیالہ روڈ،گلبہار کالونی،جہانگیر روڈ نگہت آباد، سمیت دیگر علاقوں کے صارفین کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک برس سے شہر کے اکثر علاقوں میں رات 9بجے بند ہونے والی گیس فجر کے بعد محدود وقت کیلئے کھول کر دوبارہ بند کر دی جاتی ہے۔ اسی طرح دو گھنٹے دوپہر اور تین گھنٹے رات کو یہ سہولت فراہم ہوتی ہے مگر اس دوران بھی اس کا پریشر کم ہوتا ہے۔ اس صورتحال پر ایک برس سے محکمے کا کہنا ہے کہ نئی لائنیں بچھائی جا رہی ہیں جلد یہ مسئلہ ہمیشہ کیلئے حل ہو جائے گا مگراب ایک برس یہ تسلیاں دینے کے بعد رابطہ کرنے پر کوئی جواب ہی نہیں دیا جاتا۔ گلشن آباد سمیت شہر کے کئی علاقے ایسے بھی ہیں جہاں کے صارفین ایک عرصے سے سلنڈرز استعمال کر رہے ہیں۔ صارفین کا موقف ہے کہ گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیئے اور انہیں بلا تعطل سپلائی یقینی بنائی جائے۔صارفین کے مطابق ہوشرباء مہنگائی میں سلنڈرز اور لکڑیاں خریدنا متوسط طبقے کیلئے ممکن نہیں ،حکومت تھوڑی سی توجہ عوام کے بنیادی مسائل کرنے پر بھی دے۔