کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) آئینی بینچ کی عدم موجودگی کے باعث مقدمات التوا کا شکار ہونے لگے، وکلاء سرکاری اداروں کے خلاف مقدمات آئینی بینچ منتقل کرنے کا تقاضہ کرنے لگے۔ بورڈ آف ریونیو کے خلاف مقدمے کی سماعت کے دوران وکیل نے اعتراض کردیا۔ وکیل نے کہا کہ مقدمہ ہائی کورٹ کے معمول کے مطابق بینچ کے دائرہ سماعت میں نہیں آتا۔ 26ویں ترمیم کے بعد اتھارٹیز کے خلاف مقدمات کی سماعت صرف آئینی بینچ کرسکتا ہے۔ جسٹس ظفر راجپوت نے ریمارکس دیئے کہ آپ کا مقدمہ آئینی ترمیم سے متاثر نہیں ہوتا، ہم اس کی سماعت کرسکتے ہیں۔ وکیل نے کہا کہ بہتر ہوگا کہ مقدمہ سماعت کے لیے آئینی بینچ منتقل کردیا جائے۔ عدالت نے مقدمے کی سماعت غیر معینہ مدت کیلیے منتقل کردی۔