حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) کراچی کی رہائشی کروڑوں روپے ملکیت کی مالک خاتون کی پراسرار ہلاکت کامعاملہ‘ ایس ایس پی حیدرآباد نے ورثا کی جانب سے زہر دیکر قتل کرنے کے شبہ میں ڈی ایس پی بلدیہ کی سربراہی میں 3 رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی‘ ایس ایس پی حیدرآبادنے کہاہے کہ خاتون کی پوسٹمارٹم رپورٹ میں موت زہر خورانی سے ثابت ہوئی تو ایف آئی آر درج کرکے قانونی کارروائی کی جائے گی۔ جبکہ ذرائع کاکہناہے کہ نسیم نگر پولیس نے خاموشی سے 75سالہ مالدار خاتون کی تدفین اور قتل کے شبہ میں اس کے داماد کو حراست میں لے لیاہے۔ تفصیلات کے مطابق نسیم نگر پولیس نے دو روز قبل ریونیو کالونی قاسم آباد کی رہائشی 75سالہ منیر بیگم زوجہ آصف علی لغاری جوکہ سابق وفاقی وزیر عمران ظفر لغاری کی بھابی اور دادو کے بااثر لغاری خاندان سے اس کا تعلق بتایا جاتا ہے‘ کراچی میں لے پالک بیٹی کے گھر میں پراسرار طورپر انتقال کرگئی تھی جس پر لے پالک بیٹی کاشوہر سعید لغاری نے اس کی خاموشی سے تدفین کے لئے قاسم آباد لایاتھا ‘تدفین کی تیاریوں کے دوران رشتہ داروں کی جانب سے 75سالہ منیر بیگم کو زہر دیکر قتل کرنے کاشبہ اورپولیس کو اطلاع پر نسیم نگر پولیس نے خاتون کی لاش تحویل میں لیکر پوسٹمارٹم کے لئے سول اسپتال منتقل کردی تھی ۔ورثا کی شکایت پر ایس ایس پی حیدرآبادڈاکٹر فرخ علی نے معاملہ کی تحقیقات کے لئے ڈی ایس پی بلدیہ کی سربراہی میں 3رکنی کمیٹی قائم کردی ہے۔