کراچی( افضل ندیم ڈوگر) غیر ملکی ایئر لائن کی خصوصی پرواز کے ملائشیا کے راستے لاہور کے 350 مسافر انتظامی مسئلے کی وجہ سے 5روز سے کوالالمپور ایئرپورٹ پر پھنسے ہوئے ہیں۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق غیر ملکی ائیرلائن حکام کا کہنا ہے کہ باتک ایئر کی شیڈول پروازیں تو معمول کے مطابق آرہی ہیں لیکن لاہور کی اس پرواز او ڈی 1310کیلئے طیارہ دستیاب نہیں۔ پاکستانی مسافر کوالالمپور ائیرپورٹ پر 5 روز سے محصور ہوکر رہ گئے۔ مسافروں میں خواتین اور کم عمر بچے اور ضعیف العمر افراد بھی شامل ہیں۔ مسافروں کے مطابق تین روز قبل ایک جہاز کا بندوبست کیا گیا مگر عین اڑان کے وقت اس کے انجن میں خرابی پیداہوگئی۔ مسافروں نے حکومت پاکستان سے اپیل کی ہے کہ کئی روز سے پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے انتظامات کیے جائیں۔