ملتان (اسٹاف رپورٹر) پاکستان میں90فیصد سے زائد عوام میں وٹامن ڈی کی کمی ریکارڈ کی گئی ہےجو کہ انتہائی پریشان کن ہے۔ وٹامنز ڈی کی کمی سے ہڈیوںکا بھربھرا پن اور پٹھوں کی کمزوری جیسی بیماریاں لاحق ہو جاتی ہیں اور اس کی کمی پورا کرنے کیلئے روزمرہ خوراک میںسبزیاں، مچھلی کو شامل کیا جائے جبکہ دھوپ بھی وٹامن ڈی بنانے کا اہم ذریعہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار نشتر میڈیکل یونیورسٹی و ہسپتال کے معروف ڈاکٹر وقاص عمران خان نے میر خلیل الرحمٰن میموریل سوسائٹی (جنگ گروپ آف نیوز پیپرز)کے زیر اہتمام نجی ہوٹل میں وٹامن ڈی کی اہمیت پر سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام میںدنیا بھر کے مقابلے میں وٹامن ڈی کی زیادہ کمی ریکارڈ کی گئی جس کے باعث ہڈیوںکا بھربھرا ہونا، کمردرد، جسم میںدرد، تھکاوٹ، قوت مدافعت میںکمی اور باربار انفکشن کا ہونا ہے۔ ہمارے ہاں سال میں300دن کے قریب سورج نکلتا ہے ، سورج کی شعاعیں جلد پر پڑنے سے جسم میں وٹامن ڈی پیدا ہوتا ہے لیکن پاکستان میں خواتین اور بچے وٹامن ڈی کی شدید کمی کا شکار ہیں۔