وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس لغاری نے کہا ہے کہ ہم چاہتے عوام سردیوں میں گیس کی جگہ بجلی استعمال کریں۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کے دوران اویس لغاری نے کہا کہ گزشتہ روز بجلی قیمتوں میں کمی کا اعلان وزیراعظم شہباز شریف نے کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں عوام سردیوں میں گیس کی جگہ بجلی استعمال کریں، بجلی کی قیمتوں میں کمی سے عوام کو ریلیف دے رہے ہیں، چاہتے ہیں ایسا پیکیج ہر سال 6 ماہ کےلیے لائیں۔
اویس لغاری نے مزید کہا کہ پاکستان 55 فیصد بجلی ہائیڈل، سولر اور نیوکلیئر ذرائع سے پیدا کر رہا ہے، نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) ماضی میں بدانتظامی کا شکار رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ این ٹی ڈی سی کی وجہ سے ترسیلی نظام درست نہیں تھا، ادارے کو 3 کمپنیوں میں تقسیم کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر پاور ڈویژن نے یہ بھی کہا کہ این ٹی ڈی سی کی تقسیم ہماری پاور سیکٹر ریفارمز کا اہم حصہ ہے، بجلی کے نئے منصوبوں، نظام میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ برس فروری سے 3 کمپنیاں کام کرنا شروع کردیں گی، 26 روپے والے ونٹر سہولت پیکیج سے ایل این جی کا استعمال بڑھے گا۔
اویس لغاری نے کہا کہ حکومت اصلاحاتی ایجنڈے پر کام کررہی ہے، بجلی کے ترسیلی نظام کو بہتر کرنے کےلیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگلے 10 سال میں 88 فیصد کلین توانائی پیدا کررہے ہیں، پاکستان کو فخر ہے ہم خطے میں گرین توانائی فراہم کرنے والے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ این ٹی ڈی سی کی تقسیم سے بننے والی کمپنیاں بڑی بڑی نہیں ہوں گی، یہ کمپنیاں 50-60 اور 70 تک افراد پر مشتمل ہوں گی۔