• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کباڑیوں کیخلاف ایکشن، گاڑیاں چھیننے و چوری کی وارداتیں نصف

کراچی( افضل ندیم ڈوگر )کراچی کے ویسٹ زون میں کباڑی کے خلاف کریک ڈاؤن اور کباڑیوں کو سسٹم میں لانے سے گاڑیاں چھیننے اور چوری کی وارداتیں لگ بھگ نصف سے بھی کم رہ گئی ہیں۔ درجنوں کباڑیوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ مشکوک کباڑ خانوں کی پولیس کی جانب سے نگرانی کی جا رہی ہے، یہ انکشاف ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ویسٹ زون عرفان علی بلوچ نے "جنگ" سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ 2023کے پہلے 10مہینوں کے دوران کراچی کے ضلع وسطی سے 34گاڑیاں چھینی اور 414 چوری کی گئیں۔ اس عرصے میں 70 موٹر سائیکلیں چھینی جبکہ 10189 چوری کی گئیں۔ عرفان علی بلوچ کے مطابق ان 10 ماہ میں شہری مجموعی طور پر 12309 گاڑیوں سے محروم ہوئے۔ عرفان بلوچ کے مطابق چھینی گئی گاڑیوں میں سے بیشتر کے پارٹس مارکیٹ میں فروخت کئے گئے جبکہ دیگر باڈی یا موٹرسائیکل کے چیسس کو کباڑیوں کے ذریعے اسٹیل ملز کو فروخت کردیا جاتا تھا۔ ائی جی سندھ کی جانب سے کباڑیوں کے خلاف سخت ایکشن کی ہدایات کے بعد ویسٹ زون میں سیکڑوں کباڑ یوں کےخلاف کریک ڈاؤن کیا گیا انہیں سسٹم کے تحت لایا گیا۔ درجنوں کباڑیوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ مشکوک کباڑ خانوں کی پولیس کی جانب سے نگرانی کی جا رہی ہے یہی وجہ ہے کہ اب ان کے پاس چوری شدہ گاڑیوں کو پیک کرنے یا ان کا سامان فروخت کرنے کی گنجائش نہیں رہی انہوں نے بتایا کہ رواں سال کے پہلے 10 مہینے میں 22 فور ویلرز چھینی 205 چوری کی گئیں۔ 1079 موٹر سائیکلیں چھینی گئیں جبکہ 4658 چوری کی گئیں یوں۔ مجموعی طور پر شہری 5964 گاڑیوں سے محروم رہے جو کہ گزشتہ سال کی 12309 کی تعداد سے بہت کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پولیس کی جانب سے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ملک بھر سے سے مزید