خوبصورت، لمبے اور گھنے بال ہر ایک کی خواہش ہوتی ہے مگر مختلف برانڈ کے کیمیکل والے شیمپو بالوں کو روکھا بنا دیتے ہیں، اگر آپ بھی بالوں کے مسائل کا شکار ہیں تو کیمیکل والے شیمپو سے جان چھڑائیں اور گھر میں آسان ترین طریقوں سے اپنا شیمپو خود بنائیں۔
چہرے کی جلد اضافی چکناہٹ سمیت کئی مسائل کا سبب بنتی ہے بالکل اسی طرح سر کی جلد پر بھی اضافی تیل آنے سے بالوں کے لیے مسائل کا سبب بنتی ہے جس کی وجہ سے خشکی، خارش اور بالوں کا کمزور ہو کر گرنے کا عمل شروع ہو جاتا ہے۔
ایسی صورتِ حال میں مصروف زندگی سے تنگ افراد اس کا کوئی صحت مند حل نکالنے کے بجائے بالوں کی صفائی کے لیے روزانہ کی بنیاد پر بال شیمپو کرنے لگتے ہیں جس کے نتیجے میں سر کی جلد سے قدرتی چکناہٹ بھی ختم ہو جاتی ہے اور بال روکھے، بے جان اور پتلے ہو جاتے ہیں۔
بالوں کی نشوونما کے لیے دیکھ بھال کی ضرورت ہوتی ہے، لازمی ہے کہ ہر شیمپو سے پہلے بالوں کی جڑوں سے سروں تک تیل لگایا جائے مگر وقت کی کمی کے باعث ایسا کرنا ہر ایک کے لیے ممکن نہیں۔
ماہرین کے مطابق مارکیٹ سے ملنے والے مختلف برانڈز کے شیمپو میں کئی کیمیکل ہوتے ہیں جو بالوں کو وقتی چمک دے کر انہیں اندر سے نقصان پہنچا رہے ہوتے ہیں، ان کیمیکل ملے شیمپو سے بچنے کے لیے اپنے بالوں کی فطرت کے مطابق گھر میں بنے خشک شیمپو کا استعمال کرتے ہوئے بالوں کو وقت سے پہلے گرنے سے بچایا جا سکتا ہے۔
2 چائے کے چمچ مکئی کا آٹا اور 2 چائے چمچ کوکو پاؤڈر کو اچھی طرح ملا لیں، اب اس میں 10 قطرے گلاب کے تیل کے ڈالیں، اب اسے برش کی مدد سے بالوں میں لگائیں اور چند منٹوں کے لیے مساج کریں، اس کے بعد بالوں کو سلجھا لیں اور جیسے چاہے ہیئر اسٹائل بنائیں، بال صاف ستھرے اور صحت مند نظر آئیں گے۔
2 چائے کے چمچ پسا ہوا دلیہ اور 20 چائے کے چمچ سفید آٹا لے لیں، اب اس میں 5 قطرے ’یوکلپٹس آئل‘ سفیدے کا تیل ملا لیں، اس خشک شیمپو کو بھی برش کی مدد سے بالوں کی جڑوں میں لگائیں اور مساج کرتے ہوئے بال صاف کر لیں۔
اگر آپ کے بال خشکی کا شکار ہیں تو ا س سے نجات حاصل کرنے کے لیے 2 چائے کے چمچ اروِی (سبزی) کا پاؤڈر،1 چائے کا چمچ میتھی کے بیج کا پاؤڈر، ایک چائے کا چمچ ایکٹیو چارکول پاؤڈر، 10 قطرے ٹی ٹری تیل لے لیں، اب ان سب اجزاء کو مکس کر لیں اور برش کی مدد سے بالوں پر لگائیں، مساج کریں اور بال صاف کر لیں۔
2 چائے کے چمچ ملتانی مٹی میں ایک چائے کا چمچ میٹھا سوڈا ملا لیں، اب اس میں 10 قطرے لیوینڈر آئل ملائیں اور اچھی طرح سے مکس کر کے بالوں پر لگائیں۔
بالوں کو کالا کرنے کے خواہش مند ہیں تو ان پر اروی اور چارکول کے خشک شیمپو کا استعمال کریں۔
اروی کے پاؤڈر کے 2 چمچ، ایک چمچ کوکو پاڈر اور ایک چمچ ایکٹیو چارکول اچھی طرح سے ملا لیں، اب انہیں بالوں کی جڑوں پر لگائیں، مساج کریں اور بال صاف کر لیں۔
اس سے بال صاف ستھرے، نرم، ملائم اور خوبصورت ہو جائیں گے۔