کراچی(اسٹاف رپورٹر ) کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی ماہانہ آمدنی میں 65 فیصد اضافہ،ایک ارب 86کروڑ روپے سے تجاوز کر گئی جبکہ سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین کا کہنا ہے کہ ادارے کی آمدنی بہتر ہونے کا فائدہ نہ صرف واٹر کارپوریشن بلکہ ملازمین سمیت شہریوں کو بھی ہوگا۔
ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق سید صلاح الدین احمد کے عہدہ سنبھالنے سے قبل ستمبر 2022 میں واٹر کارپوریشن کی ماہانہ آمدنی صرف 1 ارب 10 کروڑ روپے تھی جو اب ایک ارب 86 کروڑ روپے سے تجاوز کر گئی ہے‘ دو سال کی قلیل مدت میں واٹر کارپوریشن کی ماہانہ آمدنی میں 76 کروڑ روپے ریکارڈ اضافہ ہوا ہے جو واٹر کارپوریشن کی تاریخ میں سب سے زائد آمدنی ہے.‘
اس موقع پرانجینئر سید صلاح الدین نے کہا کہ ادارے کی آمدنی بہتر ہونے کا فائدہ نہ صرف واٹر کارپوریشن بلکہ ملازمین سمیت شہریوں کو بھی ہوگا ‘
انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آنے والے وقت میں واٹر کارپوریشن کی آمدنی مزید بڑھانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے اور ہم سب مل کر واٹر کارپوریشن کو ایک مثالی ادارہ بنانے میں کوئی کسرنہیں چھوڑیں گے۔