اسلام آباد (رپورٹ:… حنیف خالد)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی سے گمراہ کن، غلط معلومات کا پھیلا واہم چیلنج ہے، حالیہ برسوں میں دنیا کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے، غلط اور گمراہ کن معلومات کا تیزی سے پھیلاو اہم چیلنج ہے، فتنہ الخوارج دنیا کی تمام دہشت گردتنظیموں اور پراکسیز کی آماجگاہ بن چکی ہے، افغان عبوری حکومت اپنی سرزمین دہشت گردی کیلئے استعمال ہونے سے روکے، پاکستان خطے اور عالمی امن کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہیگا مگر کسی عالمی تنازع کا حصہ نہیں بنیں گے، پرتشدد غیر ریاستی عناصر اور ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی عالمی سطح پر ایک بڑا چیلنج بن چکے ہیں، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں ہمارا عزم غیر متزلزل ہے، مقبوضہ کشمیر کا اقوام ِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ناگزیر ہے،پاکستان دنیا میں زراعت کی پیداوار کے حوالے سے ایک بڑا ملک بنکر ابھرا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی دارالحکومت میں مارگلہ ڈائیلاگ 2024 کی خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے امن اور استحکام میں پاکستان کا کردار کے موضوع پر گفتگو کی۔ جس میں انہوں نے علاقائی ہم آہنگی اور بین الاقوامی امن کو آگے بڑھانے میں نمایاں کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔