اسلام آباد( رانا غلام قادر) بیوروکریسی کیلئے اہم خبر ہے کہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے گریڈ 20 سے21میں ترقی کیلئے لازمی نیشنل مینجمنٹ کورس (NMC)میں شرکت کیلئے گریڈ 20 کے افسران کی نامزدگیاں طلب کر لی ہیں۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے آفس میمورنڈم جاری کر دیا ہے جس کے تحت یہ تر بیتی کورس 13 جنوری سے 16 مئی 2025 تک نیشنل سکول آف پبلک پالیسی لاہور میں منعقد ہو گا۔ آفس میمورنڈم میںہدایت کی گئی ہے کہ وزارتیں، ڈویژنز، محکمے، ادارے 29نومبر تک افسران کی نامزدگیاں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو ارسال کر دیں۔ تما م وفاقی سروسز گروپس، ایکس کیڈر، ڈویژنز اور وفاقی محکموں کے افسران کی نامزدگیاں طلب کی گئی ہیں۔ چاروں صوبائی حکومتوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان حکومتوں سے بھی نامزدگیاں طلب کی گئی ہیں۔ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس، پولیس، سیکرٹریٹ گروپ افسران کی نامزد گی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن خودکرے گا۔اداروں کی جانب سے براہ راست موصول ہونے والے ناموں کو قبول نہیں کیا جائے گا۔وہ اپنی وزارت کے توسط سے نامزدگی بھیجیں ۔ میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ تربیتی کورس کیلئے نامزد افسر گریڈ 20 یا اس کے مساوی ریگولر ملازم ہو۔نامزد افسر پرموشن زون میں داخل اپنے گروپ میں سنیارٹی کا حامل ہو۔بین الاقوامی سطح کی ڈیپوٹیشن پر موجود افسر نامزدگی کیلئے اہل نہیں ہو گا۔طویل رخصت پر گئے افسر تربیتی کورس میں شرکت کیلئے اہل نہیں ہوں گے۔