کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ برطانیہ اور سندھ دونوں میں تخلیقی روایات یکساں ہیں جنہوں نے عالمی موسیقی اور آرٹ پر اثرات چھوڑے ہیں۔ انھوں نے یہ بات برطانوی قونصل خانے میں برطانوی شاہ چارلس سوم کی 76ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ کے عوام کی طرف سے شاہ چارلس سوم کو 76ویں سالگرہ کی دلی مبارکباد پیش کی۔ وزیراعلیٰ نے سندھ اور برطانیہ کے درمیان قریبی ثقافتی تعلقات کے قیام کی اہمیت پر بھی زور دیا۔وزیر اعلیٰ نے تقریب میں شرکت پر مسرت کا اظہار کیا اور تقریب کو شاندار، برطانوی روایات سے بھرپور آرٹ، موسیقی اور دوستی کے فروغ کا سبب قرار دیا۔ کراچی میں برطانوی قونصل خانے پہنچنے پر ڈپٹی ہائی کمشنر نے وزیراعلیٰ سندھ کا استقبال کیا۔ اپنے خطاب میں مراد علی شاہ نے سندھ کے عظیم ثقافتی ورثے، موسیقی، شاعری اور آرٹ سے اسکے تعلق کو اجاگر کیا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ سندھ ہزاروں سال سے موسیقی، شاعری اور آرٹ پر مشتمل ثقافت کی سرزمین ہے۔ سندھ کے فنکاروں نے عالمی موسیقی پر گہرے نقوش چھوڑے ہیں۔