• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوٹیلیٹی اسٹورز، 11 میں سے 3 ہزار ملازمین صرف منظور وٹو نے بھرتی کئے، قائمہ کمیٹی میں انکشاف

اسلام آباد (این این آئی) سینیٹ قائمہ کمیٹی صنعت و پیداوار میں وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے انکشاف کیا ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے 11 ہزار ملازمین میں سے3 ہزارسابق وزیر اعلیٰ پنجاب منظور وٹو نے اپنی وزارت اعلی کے دور میں تحصیل دیبالپور سے بھرتی کیے تھے‘فنانشل ایڈوائزر ہائیر کر لیا ہے‘ یوٹیلیٹی اسٹورز کی نجکاری دوسرے مرحلہ میں کی جائے گی۔چیئرمین کمیٹی عون عباس نے استفسار کیا کہ اس وقت یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین کا کیا اسٹیٹس ہے جس پر وفاقی وزیررانا تنویرنے بتایا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کے 5ہزار مستقل ملازمین ہیں ان کو نہیں نکالا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ6ہزار ڈیلی ویجز ملازمین یوٹیلیٹی اسٹورز میں کام کررہے ہیں، 11 ہزار ملازمین میں سے3ہزار ملازمین پنجاب کی تحصیل دیپالپور سے بھرتی کیے گئے ہیں اس پر چیئرمین کمیٹی نے پوچھا کہ دیپالپور سے اتنی بڑی تعداد میں بھرتیاں کس نے کی ہیں، رانا تنویر حسین نے بتایا کہ اتنی بڑی تعداد میں ملازمین سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں منظور وٹو کے دور میں بھرتی کیے گئے تھے۔حکام نے کمیٹی ارکان کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وزارت صنعت و پیداوار کے 29 ذیلی ادارے ہیں، 5 ایسے ذیلی ادارے ہیں جنہیں نجکاری فہرست میں شامل کیا گیا ہے، کچھ اداروں کو آپس میں ضم کررہے، جو حکومت پر بوجھ نہیں ہیں۔ 4300 اسٹورزمیں سے 2400 نقصان میں ہیں۔
اہم خبریں سے مزید